میر پور اور بھمبرمیں پرائم منسٹریوتھ پروگرام کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ (ہاکی) کے ٹرائلز مکمل

میر پور اور بھمبرمیں پرائم منسٹریوتھ پروگرام کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ (ہاکی) کے ٹرائلز مکمل

میرپور یونیورسٹی
16 ستمبر 2022

پرائم منسٹریوتھ پروگرام اورہائرایجوکیشن کمیشن، پاکستان کے زیراہتمام ہاکی مردوخواتین سپورٹس لیگ کے ہاکی ٹرائلز کامیابی سے مکمل ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امورنوجوانان، شزہ فاطمہ خواجہ ان ٹرائلز کی نگرانی کر رہی ہیں تاکہ حکومتی سرپرستی میں ہاکی کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلوایا جا سکے اور نوجوان کھلاڑیوں کو ٹریننگ اور کوچنگ کی بہترین سہولیات میسر ہوں۔

حکومت کا یہ عزم ہے کہ ملک کے طول و عرض میں مختلف کھیلوں بالخصوص ہاکی کے فروغ کے لئے گراس روٹ لیول پر کام کیا جائے. اسی سلسلے میں ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کے تحت ہاکی کے ٹرائلز ملک بھر کے 25 اہم مقامات پرجاری ہیں۔ مظفرآباد، راولا کوٹ، میر پور اور بھمبرمیں منعقدہ ہاکی ٹرائلزاسی سلسلے کا حصہ تھے جن میں 300 سے زائد نوجوان کھلاڑیوں نے ٹرائلز دیے جبکہ 170 سے زائدخواتین کھلاڑی بھی ٹرائلز کے لیے موجود تھیں۔ یاد رہے اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں بھی ہاکی کے ٹرائلز کا جلد ہی انعقاد کیا جائے گا اورخواتین کھلاڑیوں کو بھی مردوں کے مساوی موقع فراہم کیا جائے گا کہ وہ ہر شعبہ ہائے زندگی کی طرح کھیل کے میدان میں بھی مردوں کے شانہ بشانہ اپنی قابلیت کا لوہا منوا سکیں۔
اس موقع پرآرگنائزنگ سیکرٹری، ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ ہاکی برائے مرد حضرات، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسپورٹس، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اسلام آباد (نمل) جمشید عیسی نے وزیراعظم پاکستان اور وزیراعظم کی مشیربرائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کوکھیلوں کے مواقع فراہم کرنا اور کھیلوں سے متعلق بنیادی سہولیات کی فراہمی سے وہ وقت دور نہیں، جب ہم ہاکی سمیت دیگر کھیلوں میں بھی اپنا کھویا ہوا مقام حصل کر لیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کا ٹرائلز میں شریک ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی نوجوان مرد وخواتین کسی سے کم نہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کے حوالے سےنمل کے ریکٹر میجر جنرل (ریٹائرڈ) محمد جعفر کی معاونت کے بغیر اتنا اہم فریضہ کامیابی سے مکمل کرنا ممکن نہیں تھا.

اس موقع پرآرگنائزنگ سیکرٹری برائے ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ برائے خواتین اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، راولپنڈی کے ڈائریکٹر اسپورٹس، ڈاکٹر سعید شیخ نے کہا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر صائمہ حامد کی قائدانہ صلاحیتوں اور مسلسل رہنمائی کی بدولت ہماری ٹیم ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کے تحت ملک بھرسے ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کو تلاش کر رہی ہے تاکہ خواتین کھلاڑیوں کو بہتر ٹریننگ کے مواقع فراہم کیے جا سکیں اور یہ کھلاڑی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں۔

ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ (ہاکی) کے ٹرائلز کے موقع پرسابق اولمپیئن ریحان بٹ، جو کہ ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کے برانڈ ایمبیسیڈر بھی ہیں اوربین الاقوامی شہرت کے حامل نیشنل ہاکی ٹیم کے کھلاڑی محمد رشید بھی موجود تھے۔ دونوں شخصیات نے نوجوانوں کوبہترین کھیل کھیلنے اوراسپورٹس مین شپ کو قائم رکھنے سے متعلق ہدایات بھی دیں۔